بھارت کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بنا سکے گا، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور جب تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا، پاکستان انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، وہ کبھی بھی مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بنا سکے گا، بھارت کو ہوش کے ناخن لینا پڑیں گے۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماہ اگست میں قائداعظم کی عظیم قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے اگست میں معروض وجود میں آیا اور آج اس سبز ہلالی پرچم تلے کروڑوں مسلمان آزادی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، عطا تارڑ

شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست کی بھی اپنی اہمیت ہے، 2019 میں بھارت نے اس دن غاصبانہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور وہاں کے رہنے والوں کے بنیادی حقوق کو بھی چھین لیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 دفعہ 35 اے کا خاتمہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں غیرریاستی لوگوں کو آباد ہونے کا حق دیا اور ان لوگوں کو وہاں رہنے والے کشمیریوں کی جائیدادیں خریدنے کا ناجائز حق دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پچھلے 77 سال سے کشمیریوں کے ساتھ یہ ظلم روا رکھا گیا لیکن ایک دن آئے گا جب ہم سجدہ شکر ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 77 سال گزرنے کے باوجود مقبوضہ وادی کشمیریوں کے خون سے سرخ ہے، آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت فوری طور پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اعلان کرے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام سے وعدہ کرتے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مقبوضہ کشمیر میں  ظالمانہ اقدامات سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آئندہ نسلوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، اسرائیل فلسطین پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اسرائیل اسپتالوں پر بم برسا رہا ہے، ہم فلسطین کے لیے بھی ہر قسم کی قربانی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری مظالم کی دنیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی، مسجد اقصیٰ کے امام نے اسماعیل ہنیہ کی بات کی تو اسے گرفتار کر لیا گیا، اسرائیل اور بھارت کو اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا، اور اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانا پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp