خواتین اینکرز سے متعلق غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر ڈاکٹر عمر عادل گرفتار

منگل 6 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی درخواست پر خواتین کے لیے نازیبا زبان استعمال کرنے والے ڈاکٹر عمر عادل کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر عمر عادل نے ان کے اور میڈیا میں کام کرنے والی تمام خواتین کے خلاف ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فحش، لغو اور ہتک عزت پر مبنی الزامات عائد کیے تھے، جس میں خصوصاً ان کا نام بھی لیا گیا تھا۔

غریدہ فاروقی نے لکھا کہ قانونی کارروائی میں ڈاکٹر عمرعادل کو موقع فراہم کیا گیا تھا کہ وہ پبلک کے سامنے معافی مانگیں لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان کو گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: خواتین سے متعلق غیراخلاقی زبان: ’عمر عادل کو انجام بھگتنا پڑے گا‘

انہوں نے مزید لکھا کہ تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو سلام جنہوں نے خواتین کے تحفظ کی خاطر میری درخواست پر عمل کیا اور امید ظاہر کی کہ انصاف مکمل ہوگا اور خواتین کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنیوالے انجام کو پہنچیں گے، اور پاکستان میں خواتین کو بھرپور تحفظ ملے گا۔

حال ہی میں یوٹیوبر اور خود ساختہ ڈاکٹر عمر عادل کی جانب سے ایک پوڈ کاسٹ میں خواتین اینکرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین کو ڈیکوریشن پیس کی طرح ٹی وی پر سجایا جاتا ہے اور کسی کی مجال نہیں ہے کہ وہ خاتون اینکر کو کچھ کہہ سکے اور نہ ہی کوئی انہیں چینل سے نکال سکتا ہے۔


عمر عادل کی اس پوڈ کاسٹ پر صارفین اور اینکرز کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیدہ صدف نے عمر عادل کے خواتین اینکرز کے متعلق نا مناسب الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف غریدہ فاروقی نہیں بلکہ پاکستان کی ہر ماں، بہن اور بیٹی پر حملہ ہے۔ ایسے لوگ مرد کہنے کے لائق نہیں ان کے ضمیر مردہ ہیں اور یہ کم ظرف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایوان میں نازیبا الفاظ کا استعمال، ممبر قومی اسمبلی ثنااللہ مستی خیل کی رکنیت معطل

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ صحافیوں پر ہر روز حملے ہوتے ہیں اور ایسے لوگوں کا مقصد پاکستان کے لیے اٹھنے والی توانا آوازوں کو خاموش کرانا ہے۔ انہوں نے تحقیقاتی اداروں سے درخواست کی کہ معلوم کریں عمر عادل نے یہ سب کس کے کہنے پر کہا اور ان ملک دشمنوں کو سخت ترین سزا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم غریدہ فاروقی اور اور دیگر صحافی خواتین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اینکر کرن ناز نے ویڈیو پیغام میں عمرعادل کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سستی شہرت کے لیے خواتین اینکرز پر گھٹیا الزام لگانے والے عمر عادل کو اس کا انجام بھگتنا پڑے گا، اب ہم تمام اینکرز آئین اور قانون کے مطابق جواب دیں گی اور بتائیں گی کہ خواتین اینکرز کیا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے اینکر ذوہیب بٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کے پروگرام میں کوئی شخص ایسی بات کر رہا ہو تو اسے پوسٹ ہی نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن آپ نے ویوز حاصل کرنے کے لیے اسے پہلے پوسٹ کیا اور تنقید کے بعد اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر کے ملال کا اظہار کیا۔

اینکر ابصا کومل نے کہا کہ تمام خواتین کو ذوہیب بٹ اور عمر عادل کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، انہوں نے تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ان ادھیڑ عمر کے بابوں اور ان کے چیلوں کو عورتوں سے اتنی نفرت کیوں ہے؟ ان کو یہ کیوں لگتا ہے کہ ہر کامیاب عورت ان جیسے گھٹیا کردار کی ہوتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمان قمر اور ان کے جیسے مرد حضرات جو خواتین کے بارے میں بری سوچ رکھتے ہیں ایک ہی بار سامنے کیوں نہیں آجاتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاشرے کا حصہ ہونے پر دکھ ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp