سینیئر سیاستدان و سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں چاہتی تو اسے آئینی ترمیم لانا ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ہر ایک سے لڑنے کے موڈ میں ہے، ملک میں پہلے ہی سیاسی اور معاشی بحران ہے، جبکہ اب عدالتی بحران بھی پیدا کیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن کو کہا ہے کہ معاملات کو کول ڈاؤن کریں، حکومت ہر کسی سے لڑنا چاہتی ہے، حکومت چاہتی ہے اب عدالتی بحران بھی چاہتی،الیکشن کمیشن کے باہر فواد چودھری کی میڈیا سے گفتگو#SUNONEWSHD #ImranKhanPTI #ElectionCommission @fawadchaudhry pic.twitter.com/KFg2lzJzK5
— SUNO NEWS HD (@suno_newshd) August 7, 2024
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے لیے قانون سازی ہورہی ہے، اگر آپ سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانتے تو اس کا مطلب ہے کہ آئین کو نہیں مانتے کیونکہ آئین کی تشریح کرنے والا یہی ایک ادارہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو ذاتی لڑائی سے نکلنا چاہیے، ہمیں ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ میں نے الیکشن کمیشن کو کہا ہے کہ معاملات کو ٹھنڈا کریں۔
واضح رہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف جہاں حکومت نے نظرثانی اپیل دائر کی ہے، وہیں الیکشن ایکٹ میں ترمیم بھی کردی ہے، جس کی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری بھی ہوچکی ہے۔