پاکستان نے اسرائیل پر حملے کے لیے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے سے متعلق اسرائیلی اخبار کی خبر کو مسترد کردیا۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع بڑھتا ہے تو پاکستان ایران کو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے شاہین تھری بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر خبر کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا یہ اطلاعات درست نہیں۔
Not true! This is false information.https://t.co/o2tcCZO0eP https://t.co/2xbfYcvfWC
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) August 7, 2024
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ 7 اکتوبر 2023 سے جاری ہے، جس میں اب تک 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
چند روز قبل ایک حملے میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں ایک حملے کے دوران شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے علاوہ ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی کہا تھا کہ ہم اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لیں گے اور مناسب وقت پر کارروائی کی جائے گی۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر جہاں پوری دنیا سے اسرائیل کی مذمت کی گئی وہیں پاکستان نے بھی اس پر مذمتی بیان جاری کیا تھا، اس کے علاوہ پاکستان فلسطین کے حوالے سے اپنا ایک موقف رکھتا ہے جس پر قائم ہے، تاہم اسرائیل پر حملے کے لیے ایران کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبر درست نہیں۔