حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور مکمل، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا، عطا تارڑ

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کی قیادت کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور مکمل ہوگیا ہے، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں، وزیراعظم کا ایجنڈا ہے کہ ہم نے بجلی کی قیمتیں کم کرنی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیاکہ آج جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات میں کافی اچھی پیشرفت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا لاہور اور پشاور میں بھی دھرنا دینے کا اعلان

انہوں نے کہاکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 50 ارب روپے کی سبسڈی جون، جولائی اور اگست 3 ماہ کے لیے دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز کے معاملات کی جانچ پڑتال کے لیے ٹاسک فورس کا قیام عمل میں آچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف ان اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا ہے، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے، مزید معاملات پر اتفاق ہونا ہے، کل تک مذاکرات کا دور ملتوی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کل شام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مزید ایک نشست ہوگی، مارچ کرنا جماعت اسلامی کا جمہوری حق ہے۔ سیالکوٹ میں ان کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

کوئی پیشرفت ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا، لیاقت بلوچ

دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کل شیڈول کے مطابق ہمارا مارچ ہوگا، حکومت کے ساتھ بات چیت میں کوئی پیشرفت ہوئی تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ آئی پی پیز ایک اندھا کنواں ہے، اور ان کے ساتھ کیے گئے معاہدے تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ تنخواہ دار طبقے پر بھی ٹیکس عائد کردیا گیا، دھرنے نے قوم کے اندر ایک نئی لہر پیدا کی ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم نے اپنا تفصیلی موقف حکومتی کمیٹی کے حوالے کردیا ہے، جبکہ حکومت کے موقف پر اپنی قیادت سے مشاورت کریں گے جس کے بعد جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں جماعت اسلامی کا اپوزیشن گرینڈ الائنس میں شمولیت سے صاف انکار

مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینیئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ شامل تھے، جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے مذاکراتی ٹیم کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مطالبات کے حق میں دھرنا جاری ہے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں کمی کے علاوہ حکمران اپنی مراعات کم کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp