ملک کے بیشتر علاقوں میں گلیشیئرز پھٹنے اور تباہ کن سیلاب کی وارننگ جاری

اتوار 11 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 2 دنوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، ادارے نے وارننگ بھی جاری کی ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئرز پھٹ سکتے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی ایڈوائرزی میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری بارش کا سلسلہ 12 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشئیر پھٹنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: ننھے وی لاگر شیراز کا گاؤں سیلاب سے تباہ، سیاچن روڈ بلاک

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے چند علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، گلیشئیر پھٹ سکتے ہیں، اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے، جبکہ 12 اگست تک دیر، سوات، کوہستان، استور، گلگت، اسکردو، غانچی اور شگر میں موسمی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔

سیاحوں کے لیے انتباہ جاری

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ غذر کی کرم بار جھیل، بدسوات جھیل، بگروٹ ویلی کی ہنارچی جھیل، اپرچترال کی چناتر اور ریشون جھیلوں میں گلیشئیر پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو مذکورہ علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کہاں کہاں بارش ہوسکتی ہے؟

نیشنل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران آزاد کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھن گلی ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں مری، راولپنڈی، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، پاک پتن، قصور، خوشاب اور سرگودھا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیںَ: موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کے باعث انتظامیہ کا انتباہ

جنوبی پنجاب میں بہاولپور، بہاولنگر، خانپور، ڈی جی خان، ملتان، بھکر، میانوالی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی 10 سے 11 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، دیر، مالاکنڈ، شانگہ، بٹگرام، بونیر، سوات، کوہستان، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی باش متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp