پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دیا ہے جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں ایم ڈبلیو او کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی ، عدلیہ کی آزادی و خود مختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے اور غیر آئینی اقدامات کا راستہ روکنے کے لیے گفتگو ایجنڈے کا حصہ تھی،دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی رابطوں کا سلسلہ آگے بڑھایاجائے گا۔
اسد عمر اور اعجاز چوہدری کی سراج الحق سے ملاقات
قبل ازیں ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمراور سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں سراج الحق سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء امیر العظیم ، نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال ، سیکرٹری اطلاعات محمد اصغر اور قیصر شریف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موجودہ گھمبیر سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ پاکستان کے متفقہ آئین پر عمل اور جمہوری نظام میں ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات کے حامی ہیں اور ایک متفقہ تاریخ کے لیے سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کی ضرورت ہے کیوں کی صرف دوصوبوں میں الیکشن مسائل کا حل نہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کی بحالی کے لیے پی ٹی آئی رہنما ؤں کو ذمہ داری سونپی تھی اور اسی تناظر میں اسد عمر اور اعجاز چوہدری نے سراج الحق سے ملاقات کی ہے۔