پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔
ارشد ندیم کے استقبال کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ہم ارشد ندیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم کی دعوت قبول کی۔
یہ بھی پڑھیں مریم نواز کی ارشد ندیم سے ملاقات، 10 کروڑ روپے چیک اور 92.97 اسپیشل نمبر کی گاڑی کا تحفہ
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی خواہش تھی کہ ارشد ندیم کو اسٹیٹ پروٹوکول دیا جائے، ان کے ساتھ ان کی والدہ، اہلیہ، کوچ اور فیملی ممبران بھی ہیں۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ ارشد ندیم آج ایف نائن پارک میں ہونے والے آزادی فیسٹیول میں بھی شریک ہوں گے۔
مزید آگے بڑھنے کی کوشش کروں گا، ارشد ندیم
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہاکہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر جس طرح پوری قوم کی جانب سے مجھے عزت دی گئی اس پر سب کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پیرس اولمپکس میں کامیابی کے پیچھے ہماری بہت محنت ہے، میں مزید آگے بڑھنے کی کوشش کروں گا۔
ارشد ندیم نے کہاکہ شہباز شریف نے 2012 میں بطور وزیر اعلیٰ یوتھ فیسٹیول کرایا تھا، جس میں میں نے شرکت کی، یہ پودا وقت پر لگا تھا جس نے پھل دیا۔ میرے کوچ سلمان بٹ نے مجھ پر بہت محنت کی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان پوسٹ کی نااہلی، ارشد ندیم کے اعزازی ڈاک ٹکٹ پر پرانی تصویر لگا دی
انہوں نے کہاکہ آج وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہمارے علاقے میں آئیں اور میری حوصلہ افزائی کی، جس پر گاؤں کے لوگ بہت خوش تھے۔