معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز ٹویٹر کے “بلیو ٹک” سے محروم ہو گیا

اتوار 2 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ٹوئٹر پروفائل سے “ویریفائڈ” بلیو ٹک کو ہٹا دیا ہے۔ چند روز قبل امریکی اخبار نے یہ بیان دیا تھا کہ وہ ایلون مسک کی تصدیق کے لیے ادائیگی کی نئی اسکیم کے لیے سائن اپ نہیں کرے گا۔

نیو یارک ٹائمز کی پروفائل پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بلیو ٹک ہٹایا جا چکا ہے جبکہ سرکاری اور نامور تنظیموں کو دیا جانے والا گولڈن ٹک بھی نہیں دیا گیا۔

اس ہفتے کے شروع میں CNN کے رپورٹر اولیور ڈارسی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ NYT تصدیق کے لیے ادائیگی نہیں کرے گا، ایک ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لکھا: “ہم اپنے ادارہ جاتی ٹوئٹر اکاؤنٹس کی تصدیق کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

 

انہوں نے مزید لکھا کہ ترجمان نے کہا ہے کہ”ہم ذاتی اکاؤنٹس کی تصدیق کے لیے رپورٹرز کو بھی معاوضہ نہیں دیں گے،” NYT کے ترجمان نےمزید کہا، “سوائے ان شاذ و نادر صورتوں کے جہاں رپورٹنگ کے مقاصد کے لیے تصدیق شدہ اکاؤنٹس ضروری ہوں۔”

اس سے قبل اسی حوالے سے ایک صارف نے ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ نیو یارک ٹائمز بلیو ٹک کے لیے پیسے نہیں دے گا اور دیکھیں کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا جس کے جواب میں ایلون مسک نے کہا تو ٹھیک ہے ہم ہٹا دیتے ہیں۔

 

نیو یارک ٹائمز کے بلیو ٹک کے ہٹائے جانے کی خبر دی سپیکٹیٹر انڈکس نامی اکاؤنٹ نے شئیر کی تو صارفین کی جانب سے تبصروں اور میمز کا ایک طوفان برپا ہو گیا، کسی نے تنقید کی تو کوئی حق میں بول پڑا، کسی نے طنز کیا تو کسی نے مذاق کیا ، اسی حوالے سے ایک صارف نے لکھا میں واقعی اتنا حیران نہیں ہوں، یہ ہمیشہ ان کے اور ایلون کے درمیان چلتا رہتا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا یہ ستم ظریفی ہے کہ nyt اپنی خبریں پڑھنے کے لیے سبسکرپشن چارج کرے گا لیکن وہ تصدیق شدہ بیج حاصل کرنے کے لیے $11 ڈالر ادا نہیں کر سکتے۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پلیٹ فارم پر ویریفائیڈ اکاؤنٹ رکھنے کے خواہشمند افراد کو اس کی قیمت ادا کرنا ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp