بھارت کا سب سے مہنگا گھر کس کا؟ قیمت کتنی اور خاص بات کیا ہے؟

منگل 20 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اسٹارز جہاں پردے پر پرتعیش زندگی گزارتے نظر آتے ہیں وہیں حقیقی زندگی میں بھی ان کے مسکن اتنے ہی مہنگے ہیں۔ بالی ووڈ ستاروں کے گھروں کی قیمتیں اور تصاویر اکثر ہم سوشل میڈیا پر دیکھتے رہتے ہیں اور لوگوں کا خیال ہے کہ بھارتی فلمی صنعت کے دارالحکومت ممبئی میں شارخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ اور امیتابھ بچن کا ’جلسہ‘ مشہورگھروں میں سب سے مہنگے ہیں۔

لیکن بالی ووڈ کے معروف اداکاراور پٹودی خاندان کے چھوٹے نواب سیف علی خان، جن کی وجہ شہرت فلم انڈسٹری ہی نہیں بلکہ اُن کی شاہانہ طرزِ زندگی بھی ہے، اس معاملے میں تمام بھارتی اداکاروں کو پیچھے چھوڑچکے ہیں۔

سیف علی خان اپنی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور اور 2 بیٹوں تیمورعلی خان اور جہانگیرعلی خان سمیت جس پٹودی پیلس میں رہائش پذیر ہیں اس کی مالیت 8 ارب بھارتی روپے یعنی 26 ارب پاکستانی روپے سے زائد ہے۔

سیف علی خان صرف نام کے نواب ہی نہیں بلکہ ان کا رہن سہن اوررہائش بھی نوابوں والی ہے، دہلی سے تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پرہریانہ میں واقع پرتعیش پٹودی محل کسی بھی ہندوستانی اداکار کی ملکیت میں سب سے بڑا اور مہنگا گھر ہے اور سیف علی خان اس گھر کے مالک ہیں۔

 یہ گھر شاہ رخ خان کے ’منّت‘ اور امیتابھ بچن کے ’جلسہ‘ نامی مشہور بنگلوں سے کئی گنا مہنگا ہے، بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے سمندر کے سامنے قائم بنگلے ’منت‘ کی قیمت 200 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے جبکہ امیتابھ بچن کے ’جلسہ‘ کی قیمت 120 کروڑ روپے ہے۔

پٹودی پیلس کو ابراہیم کوٹھی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس پیلس کی تعمیر 1900 کی اولین دہائی میں ہریانہ کے ضلع گورا گاﺅں میں ہوئی تھی۔ پٹودی خاندان کا تاریخی پس منظر تو 200 سال پرانا ہے لیکن اس محل کو بنے ابھی 88 سال ہوئے ہیں۔

 پٹودی محل سیف کے دادا نواب افتخار علی خان نے بنوایا تھا جن کے بعد یہ پیلس ان کے بیٹے منصور علی خان کو ملا اور بعد ازاں یہ محل سیف علی خان کی ملکیت میں آ گیا۔ اس کا ڈیزائن آرکیٹیکٹ رابرٹ ٹور رسل نے تیار کیا تھا۔

2011 میں سیف کے والد، نواب منصور علی خان کی وفات کے بعد محل نیمرانا ہوٹلز کو لیز پر دیا گیا تھا۔ سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں اپنا گھر واپس لینے کے لیے کروڑوں روپے قرضہ اتارنا پڑا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹودی پیلس کو دہلی کے شاہانہ محلات کے طرز پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں تاحال بالی ووڈ کی متعدد فلموں کی شوٹنگ بھی کی جا چکی ہے جس میں شارخ خان کی ’ویر زارا‘ اور رنبیر کپور کی حالیہ فلم ’اینمل‘ بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس انتہائی پرتعیش محل میں 150 سے زائد کمرے ہیں، جن میں 7 ڈریسنگ رومز، 7 بیڈ رومز، 7 بلیئرڈ رومز، سوئمنگ پول، فارمنگ ایریا، بڑے میدان، گیراج اور گھوڑوں کے لیے اصطبل سمیت ڈائننگ رومز شامل ہیں، یہ محل 10 ایکڑ رقبے پر محیط ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں روپے مالیت کا محل سیف علی خان کی جانب سے اپنے بیٹے تیمور علی خان کے نام کر دیا گیا ہے، یہ محل تیمورعلی خان کو بالغ ہونے پر ورثے میں ملے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp