بلوچستان میں منکی پاکس کے پھیلاؤ کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ ڈی جی صحت بلوچستان نے اس حوالے سے کوئٹہ، کیچ، گوادر، حب، چمن اور چاغی کے ضلعی ہیلتھ افسران کو مراسلہ جاری کردیا۔
منکی پوکس کے پھیلاؤ کے خدشے پر محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے، ضلعوں کو جاری کیے جانے والے مراسلے میں سرحدی اضلاع کے تمام داخلی راستوں پر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کا موثر نظام بنایا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
مراسلے کے مطابق ایئر پورٹس، گوادر، تربت، چمن، تفتان سرحدوں کے لیے بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، مراسلے میں تمام داخلی راستوں پر منکی پاکس کے مشتبہ کیس کی صورت میں متعلقہ حکام کو مطلع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اب تک ملک میں منکی پاکس کے 11 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، پہلا کیس پشاور میں رپورٹ ہوا، مردان میں بھی منکی پاکس کا کیس سامنے آیا۔ منکی پاکس کے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 4،4 جبکہ بلوچستان اور سندھ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
2روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہدایات جاری کیں کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمر جینسی قرار دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی اس بیماری کے حوالے سے کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت منکی پاکس کے حوالے سے اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کی اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: خطرناک وائرس منکی پاکس سے کیسے بچا سکتا ہے؟
وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد ان کے کوآرڈینٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر منکی پاکس کی سرویلنس کا جائزہ لیا۔ ایئرپورٹ پر بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے کیے جانے والے اقدامات پر بریفننگ دی۔