بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے باعث جنوبی وزیرستان میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی ژوب ڈی آئی خان شاہراہ کو عارضی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق دھانہ سر کے مقام سے بھاری پتھر ہٹا کر شاہراہ کو کھول دیا گیا ہے اور سڑک کی بحالی میں 18 گھنٹے لگے ہیں۔
واضح رہے کہ ژوب ڈی آئی خان شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی تھی جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی تھی اور کچھ افراد کے زخمی ہونے کے علاوہ 4 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مراسلہ میں کہا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔
پاکستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ صوبے کے بعض اضلاع دیر ، سوات ، کوہستان ، مانسہرہ میں طغیانی کا خدشہ ہے اس لیے برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ سیاح سفر کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ انتظامیہ کے ذمہ داران بھی سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ رکھیں۔