راجہ بازار راولپنڈی کا ایک قدیم تاریخی بازار ہے۔ یہ راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد کا ایک بڑا کاروباری تجارتی مرکز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دور دراز شہروں سے لوگ خصوصاً کاروباری افراد اپنے کاروبار کے لیے ہول سیل پر سامان خریدنے آتے ہیں کیونکہ یہاں تقریباً ہر چیز دستیاب ہوتی ہے، چاہے وہ کچھ بھی ہو۔
راجہ بازار کی گلیوں کے مختلف نام ہیں جو وہاں فروخت ہونے والی اشیا کے حوالے سے مشہور ہیں۔ ان میں سے ایک سپورٹس گلی ہے۔ یہ اسپورٹس کی ایسی ہول سیل مارکیٹ ہے جہاں سے آپ کو تقریباً اسپورٹس کے شعبہ سے منسلک تمام اشیا با آسانی مل جاتی ہیں۔ ہر قسم کی بال، بیٹ، ہاکی، ریکٹ، فٹ بال، جم کا سامان، سوئمنگ اور باسکٹ بال غرضیکہ اسپورٹس سے متعلقہ تمام چھوٹی بڑی اشیا یہاں دستیاب ہوتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس کا شمار پاکستان کی سستی ترین اسپورٹس مارکیٹ میں ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اسپورٹس وئیر جو عام مارکیٹ میں ہزاروں روپے کے ملتے ہیں وہ یہاں پر نصف قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔
راجہ بازار کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہر چیز عام مارکیٹوں کی نسبت نہایت مناسب دام پردستیاب ہوتی ہے۔ مزید جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں