رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے پولیس قافلے پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لیے 50، 50 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں شہید 12 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ رحیم یار خان میں پولیس لائن میں ادا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ ناقابل قبول، مریم نواز نے آپریشن کا اعلان کردیا
نماز جنازہ میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال سمیت دیگر سینئر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کی گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھی، ڈاکوؤں نے موقع کا فائدہ اٹھا کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ڈاکوؤں سے بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کامیاب کیوں نہیں ہوتے؟
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جوابی کارروائی سے ایک ڈاکو ہلاک، 5 زخمی ہوئے ہیں، ہمارا بھاری نقصان ہوا ہے لیکن حوصلے بلند ہیں، سندھ پولیس کے ساتھ ملکر ڈاکوؤں سے بدلہ ضرور لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کے ساتھ وہاں کے مکینوں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔