سابق وزیراعظم نواز شریف نے رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کی خبر سُن کر دِلی رنج ہوا، عوام کے تحفظ کا فرض نبھاتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کچے میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت، محسن نقوی اظہار یکجہتی کے لیے رحیم یار خان پہنچ گئے
نواز شریف نے کہا ہے کہ دُکھ کی اِس گھڑی میں میری ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے بلند درجات اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
دوسری جان پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کچے میں آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا، جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، آئی جی پنجاب
ایرانی سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا ’ میں پاکستانی حکومت، عوام اور ان خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، جنہوں نے رحیم یار خان میں پاکستانی پولیس فورسز کے خلاف مسلح حملے کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
’اس حملے کے نتیجے میں 12 بہادر پاکستانی افسران کی شہادت ہوئی، زخمیوں کی محفوظ اور جلد صحت یابی کے لیے مخلصانہ دعاگو ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔‘