امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کل چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہوگی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن اسکیمیں متعارف کرا رہی ہے، یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی اور ہڑتال میں بھرپور حصہ لے گی۔
لاہور میں ہال روڈ پر ملک گیر شٹرڈاؤن کے حوالے سے احتجاجی کیمپ کے دورہ اور تاجر تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ میں تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں، مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے نہیں اٹھا سکتے۔
یہ بھی پڑھیں فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد تیز، 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہاکہ عوام آئی پی پیز کو مزید نہیں پالیں گے، صرف شریف خاندان اور ان کے قریبی لوگ آئی پی پیز پر سیکڑوں ارب کی کیپسٹی چارجز لینا بند کردیں تو پورے ملک کی بجلی سستی ہوجائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ تاجر ٹیکس دینے کو تیار اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے حق میں ہیں لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے، آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ کل کی ہڑتال ایک دن کی کوشش ہے، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، کل ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ تاجر متحد ہیں، زندہ دلان لاہور کا اتفاق ہے کہ ہڑتال کو کامیاب کرائیں گے، جماعت اسلامی نے عوام کے ریلیف کے لیے دھرنا دیا اور حکومت کو معاہدہ پر مجبور کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم نے معیشت میں بہتری کے لیے جامع تجاویز دیں، ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ حکمران تجاویز سے ماننے والے نہیں، ریلیف کے لیے جدوجہد کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم ’حق دو عوام کو‘ تحریک کو ازسرنو منظم کررہے ہیں، قومی سطح پر پرامن مزاحمتی تحریک برپا کر یں گے، کل کی ہڑتال بھی پرامن ہوگی، تاجروں سے مشاورت کے بعد اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ ہڑتال کے سلسلے کو آگے کیسے لے کر جانا ہے، حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت نے وعدہ پورا نہ کیا تو پوری طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت نے اس موقع پر بلوچستان میں دہشتگردی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لسانی بنیادوں پر چن چن کر لوگوں کا قتل اور ملک میں عدم استحکام اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد بلیک واٹر، امریکن سی آئی اے اور ’را‘ کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے۔