پی ٹی آئی عمران خان کو این آر او دلوانا چاہتی ہے، طلال چوہدری

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار تک پہنچنے کے لیے کندھا چاہتی ہے، پی ٹی آئی والے عمران خان کو این آر او دلوانے کے لیے تحریک چلانے کی باتیں کررہے ہیں، یہ خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن طلال چوہدری نےاسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی میں تقسیم ہے، اس میں علیحدہ علیحدہ گروپس ہیں، اس پارٹی میں کرپشن کے پیسے کی بندر بانٹ کی لڑائی ہے، اقتدار تک پہنچنے کے لیے لڑائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رؤف حسن پاکستان مخالف صحافیوں کومعلومات فراہم کرتے تھے، طلال چوہدری

طلال چوہدری نے کہا کہ اپنے آپ کو انقلابی کہنے والے اور کہنے والے کہ وہ نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں، اصل میں وہ اقتدار تک پہنچنے کے لیے کوئی کندھا چاہتے ہیں، اپنے کیسز معاف کروانے کے لیے این آر او چاہتے ہیں، اقتدار میں پہنچنے کے بعد لوٹ مار اور کرپشن کے پیسے کا زیادہ سے زیادہ حصہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس وزیر نے بانی پی ٹی آئی کو شکایت لگائی کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں کے پیسے وزیراعلیٰ کے گھر اور باقی رہنماؤں کی جیبوں میں جارہے ہیں، اسی وزیر کو فارغ کردیا، بانی پی ٹی آئی نے یہ پہلی دفعہ نہیں کیا، جس نے بھی شکایت لگائی، وہ اکبر ایس بابر ہوں، کوئی دوسرا پرانا رہنما ہو جنہوں نے پی ٹی آئی بنائی، ہمیشہ کرپشن کی شکایت لگانے والے کو فارغ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خود کو شیخ مجیب سے ملانے والے عمران خان اب یوٹرن لے رہے ہیں، عطا تارڑ

رہنما ن لیگ نے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کو ہمیشہ تحفظ عمران خان خود دیتے رہے، پی ٹی آئی نے کرپشن کے خلاف بیانیہ کھڑا کیا تھا، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف حقیقت پر مبنی ثبوت موجود ہیں، 190 بلین کیس ہو، توشہ خانہ ہو، پشاور میٹرو ہو، سونامی ٹری ہو، ان پر کیوں نوٹس نہیں ہوتا، کیوں ادارے آنکھیں بند کرکے بیٹھ جاتے ہیں۔

’اگر کوئی نوٹس لے گا تو اسٹے ہوجائے گا، فارن فنڈنگ کی طرح اسٹے پر اسٹے، یہ اسٹے کے پیچھے چھپیں گے، آج کل 190 بلین کیس سے بھاگ رہے ہیں، وہاں پر یہ جرح نہیں کرتے، وکیل صفائی نہیں پیش کرتے اور جلسے دھرنوں کی دھمکیاں دیتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیک نے گواہی دے دی کہ فیصلے گھر والوں کی منشا پر ہو رہے ہیں، طلال چوہدری

انہوں نے کہا کہ یہ جو کہتے ہیں کہ تحریک چلائیں گے، یہ تحریک چلانے کی باتیں عمران خان کو بچانے اور ان کو این آر او دلوانے کے لیے، کے پی حکومت کو بچانے کے لیے، صوبائی حکومت کی کرپشن چھپانے کے لیے کررہے ہیں، خیبرپختونخوا میں نئی حکومت کو بنے 4 مہینے بھی نہیں ہوئے، صوبے میں کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹتے جارہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی پی ٹی آئی نے کبھی مذمت نہیں کی ، ذمہ داری نبھانے کے بجائے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp