یوں تو بیڈمنٹن بیچارہ ایک معصوم سا چڑیا اور ریکٹ کا کھیل ہے لیکن ہانگ کانگ کے محکمہ تعلیم نے نادانستگی میں اسے ایک نئے معنی پہنا دیے ہیں جو ملک بھر میں ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس: چینی کھلاڑی کی ہم وطن پلیئر کو شادی کی پیشکش، جواب کیا ملا؟
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے جاری کیے گئے تدریسی مواد میں سیکنڈری کلاسوں کے لیے نوعمروں اور قریبی تعلقات کے عنوان سے ایک ماڈیول تجویز کیا گیا ہے۔ اس ماڈیول کے مطابق جو نوجوان ایک دوسرے کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہوں وہ اس کے بجائے ایک ساتھ بیڈمنٹن کھیلنے باہر جا سکتے ہیں۔
مذکورہ ٹیچنگ میٹریل میں ’میرا عزم‘ نامی ایک فارم بھی شامل ہے جس کا مقصد نوجوان پریمی جوڑوں کو یہ ثابت کرنے کے لیے پر کرنا ہوگا کہ وہ نظم و ضبط، خود پر قابو اور پورنوگرافی سے گریز پر کاربند رہیں گے۔
ایجوکیشن بیورو کے دستاویزات نے اساتذہ کو یہ بھی بتایا کہ ماڈیول طلبا کو ڈیٹنگ شروع کرنے یا جنسی رویے میں مشغول ہونے کی ترغیب دینے کے لیے نہیں بنایا گیا بلکہ اس کا ایک مقصد طلبا کو جنسی خیالوں اور جذبات سے نمٹنے کے طریقوں پر عبور حاصل کرنے میں مدد کرنا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ دستاویزات میں کچھ تجویز کردہ بحث کی سرگرمیوں میں طلبا کو مشورہ دینا شامل ہے کہ وہ صحت مند تصویر پیش کرنے کے لیے مناسب لباس پہنیں اور سیکسی لباس سے بصری حظ اٹھانے سے گریز کریں۔علاوہ ازیں اگر وہ جنسی تعلقات کے نتائج سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں تو پھر اس عمل سے دور رہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبا کو جنسی تعلقات قائم کرنے کو بیڈمنٹن کے کوڈورڈ دینے پر ملک میں خاصی تنقید ہو رہی ہے اور اس کھیل کے بارے میں نئے نئے لطیفے اور چٹکلے بھی چھوڑے جا رہے ہیں۔
کیا ہر کوئی بیڈمنٹن میں ہی مبتلا ہے، ہانگ کانگ اولمپیئن
یہاں تک کہ اولمپکس بیڈمنٹن کھلاڑی تسی ینگ سویٹ نے بھی سوشل میڈیا پر کمینٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی بیڈمنٹن کھیلنے کے لیے اپوائنٹمنٹ لے رہا ہے، کیا واقعی ہر کوئی بیڈمنٹن میں (مبتلا) ہے‘۔ خاتون اولمپیئن نے میسج کے آخر میں مسکراتے چہرے والے ایموجی کا بھی استعمال کیا۔
ایسے موقعے پر بیڈمنٹن ریکٹ کس سے ادھار لیں گے، قانون ساز کی تنقید
مقامی قانون ساز ڈورین کانگ کہتی ہیں کہ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایجوکیشن بیورو نوجوانوں کو نہیں سمجھتا۔
انہوں نے بیڈمنٹن کی تجویز کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر ایسا ہوتا ہے تو ایسا جوڑا موقعے پر بیڈمنٹن ریکٹ کیسے مستعار لے گا‘۔
’کھیل کا مذاق بن گیا،امیچر کھلاڑی شرمساری محسوس کررہے ہیں‘
تھامس تانگ ایک شوقیہ بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس کھیل میں مذاق اور اچانک بڑھتی ہوئی دلچسپی نے ان جیسے کھلاڑیوں کے لیے اسے باعث شرمندگی بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک صحت مند کھیل تھا لیکن اب اگر آپ لوگوں سے بیڈمنٹن کھیلنے کے لیے کہتے ہیں تو وہ بہت سارے چٹکلے چھوڑنے شروع کر دیتے ہیں۔
’ڈٹی رہو منی باجی‘
ملک میں بڑھتی تنقید کے باوجود سیکریٹری تعلیم کرسٹین چوئی ڈٹی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں محکمے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹین ایجرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
مزید پڑھیے: پیرس اولمپکس: زیادہ حسین و جمیل ہونے کے سبب خاتون ایتھلیٹ ایونٹ سے باہر
شہر کے رہنما جان لی نے اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ تعلیم کے بارے میں مختلف آرا ہو سکتی ہیں لیکن بہرحال حکومت معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
حکومت بخش دے، ہم اپنے بچوں کو خود ہی یہ تعلیم دے لیں گے، والدین
ہنری چن ایک 13 سالہ لڑکی اور 10 سالہ لڑکے کے والد ہیں۔انہیں محکمہ تعلیم کے اس کوڈ ورڈ والی کوششیں مضحکہ خیز لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ حکومت خود کا مذاق اڑوارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اگر چاہیں گے تو اس (جنسی تعلیم) خود ہی اپنے بچوں کو دے لیں گے اور یہ ایسی چیز نہیں کہ جس کے لیے ہم اسکولوں اور حکومت پر انحصار کریں۔