نواز شریف کی تقاریر پر پابندی: لاہور ہائیکورٹ نے عملدرآمد نہ کرنے پر پیمرا کو نوٹس جاری کر دیا

منگل 4 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے پیمرا حکم نامہ پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف کیس میں پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کے پیمرا حکمنامہ پرعمل درآمد نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے  مؤقف اختیار کیا کہ قانونی طور پرعدالتی اشتہاری کے بیان اور تقاریر کو میڈیا پر نشر نہیں کیا جا سکتا۔ پیمرا قوانین کے تحت بھی عدالتی مفرور کی لائیو نشریات پر پابندی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پیمرا نے قانون کے تحت نوازشریف کی لائیو نشریات پر پابندی عائد کر رکھی ہے، نوازشریف کی لائیو نشریات دکھانا قوانین اور پیمرا کے حکمنامہ کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا کے حکمنامہ کے باوجود نوازشریف کی لائیو نشریات کا سلسلہ جاری ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پیمرا کو نوازشریف کی لائیو نشریات پر پابندی کے حکمنامہ پر عمل درآمد کے احکامات صادر کرے۔

جس پر عدالت نے پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp