لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈراما نگار خلیل الرحمان کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمے میں ملزمہ آمنہ عروج کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی، جبکہ خلیل الرحمان قمر نے کیس کے 2 ملزمان کی شناخت بھی کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس میں نئی پیشرفت، آمنہ عروج کی میڈیکل رپورٹ کیا کہتی ہے؟
عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کو 17 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے، تفتیشی آفیسر نے ریمانڈ میں توسیع کرنے کی استدعا کی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر تفتیشی آفیسر کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے خلاف مقدمے کا چالان تیاری کے مرحلے میں ہے، اس لیے مہلت دی جائے۔
دوسری جانب خلیل الرحمان نے ہنی ٹریپ کے کیس میں 2 ملزمان حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کی شناخت کرلی ہے، جس کے بعد عدالت نے دونوں کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
پولیس نے ملزم حسن شاہ اور رفیق عرف فیکی کو شناخت پریڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا اور موقف اختیار کیاکہ دونوں ملزمان کی شناخت ہوگئی، اس لیے عدالت ان کا 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔
یہ بھی پڑھیں خلیل الرحمان قمر کے بعد ایک اور نوجوان ہنی ٹریپ کا شکار
واضح رہے کہ ڈراما نگار خلیل الرحمان قمر کو ملزمہ آمنہ عروج اور دیگر نے اپنے جال میں پھنسا کر اغوا کرلیا تھا، اس دوران ان پر تشدد بھی کیا گیا، اور ملزمان نے رقم کا مطالبہ بھی کیا۔