پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب عثمان انور دوسرے صوبوں میں جاکر غیر قانونی آپریشن کر رہے ہیں لہٰذا انہیں نوکری سے فارغ کردینا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران عمر ایوب نے کہا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے اور اس پر وزیراعلیٰ پنجاب کو معافی مانگنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پشین بم دھماکا: سی ٹی ڈی پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاعات
عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان کا جو چاہتا ہے کہ ملک کو آگے لے کر جائے اور ترقی دے وہ سراپا احتجاج ہے اور ایسی حرکات کی وجہ سے مایوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کسی دوسرے صوبے میں جاکر کسی کو اغوا کریں گے تو لوگ سراپا احتجاج تو ہوں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پنجاب محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب (سی ٹی ڈی) کا کیا تعلق بنتا ہے کہ وہ کسی دوسرے صوبے میں کارروائی کرے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب ’ٹاؤٹ‘ ہیں اسی وجہ سے دوسرے صوبے میں آپریشن کر رہے ہیں انہیں برطرف کردینا چاہیے۔
CTD کون ہوتا ہے دوسرے صوبے میں جا کر کاروائی کرنے والا ، یہ ثابت کرتا ہے کہ IG پنجاب ٹاؤٹ ہے۔ عمر ایوب خان
pic.twitter.com/z0fDcLWGQj— PTI (@PTIofficial) September 4, 2024
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور پولیس حکام نے بتایا تھا کہ سی ٹی ڈی کے ایک اہلکار نے یونیورسٹی ٹاؤن سے ایک مقامی ٹھیکیدار کو ’زبردستی لے جانے‘ کی کوشش کی جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیے: سی ٹی ڈی پنجاب کا بغیر اجازت پشاور میں چھاپہ، اہل خانہ نے اہلکار کو دھرلیا
دوران حراست سی ٹی ڈی اہلکار نے پولیس کو اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ’وہ کاالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن کے تحت مشکوک لوگوں کو اٹھاتے ہیں اور اسی غرض سے کچھ ٹارگٹ پکڑنے کے لیے پشاور آئے ہوئے تھے۔‘