امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آئینی اداروں نے اگر آپسی لڑائی بند نہ کی تو یہ گلی کوچوں میں چلی جائے گی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگراتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کی جنگ جاری رہی تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کی لڑائی سے انارکی پھیلے گی اور کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا جبکہ ایوان اور عدالت کا ٹکراؤ ملک کے لیے نیک شگون نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ، عدلیہ اور انتظامیہ میں گہرے اختلافات نے ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں،راشن کے لیے جانیں جارہی ہیں جبکہ حکمران طبقہ کو اپنی لڑائیوں سے قطعی فرصت نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ایوان اور عدالت باوقار انداز اختیار کریں تو معاملات مثبت سمت کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔