اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی رولنگ اور آئی جی اسلام آباد کے لیے جاری ہدایات کے بعد پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کو رہا کر دیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حراست میں لیے گئے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کو شام 5 بجے رہا کرکے انہیں بخیر و عافیت اپنے گھر کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور کو تحویل میں لے لیا گیا، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اسلام آباد سے گرفتار
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو پیر کی رات پارلیمنٹ لاجز سے پولیس نے حراست میں لے لیا تھا، ان پر پی ٹی آئی کے سنگجانی جلسہ عام میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ بحیثیت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ طے کیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بنایا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے حکومت کی جانب سے اسلام آباد جلسے جلوسوں سے متعلق پاس کیے گئے نئے ایکٹ کی بھی خلاف ورزی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ خلاف وررزی کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار کرنے کے پولیس کے اقدام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممبران اسمبلی کو گرفتار کرنے کا حکم کس نے دیا؟، تمام گرفتار ممبران اسمبلی کو فوری رہا کیا جائے، جس کے بعد ابتدائی طور پر بیرسٹر گوہر خان کو پولیس نے رہا کر دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے پیر کی رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا تھا، اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔
پولیس نے شعیب شاہین کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا جبکہ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خود پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر آکر گرفتاری دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے حالات کی طرف نہ جائیں کہ کسی کی ہار جیت نہ ہو۔
ادھر منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد کو پاکستان تحریک انصاف کے تمام گرفتار رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کو پارلیمنٹ یا پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے اپوزیشن سے درخواست بھی طلب کرلی ہے۔
آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کو طلب کیا تھا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی اپنے چیمبر میں طلب کیا تھا۔ اسپیکر نے پولیس افسران کو ارکان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کو کہا تھا۔