پی آئی اے کا پائلٹ پشاور جانے والی پرواز کو کراچی لے آیا، مسافر سیخ پا

پیر 16 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) ان گنت مسائل کا شکار ہے، ایک طرف فلائٹس روزانہ کی بنیاد پر منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں تو دوسری طرف پی آئی اے اپنی غفلت کے باعث سامان ہی ساتھ لے کر نہیں آتی جس سے شہریوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے اسلام آباد سے گلگت جانے والی پرواز پر مسافروں کو ان کے سامان کے بغیر ہی گلگت پہنچا دیا اور اب پی آئی اے کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں پائلٹ پشاور جانے والی فلائٹ کو غلطی سے کراچی لے آیا جس پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جا رہی ہے۔

جہاز میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ 30 گھنٹے سے وہ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں لیکن پرواز پشاور لے جانے کی بجائے کراچی اتار دی گئی ہے اور اب پولیس پائلٹ کو جہاز سے اتارنے کی کوشش کر رہی ہے، ایسا کیوں کیا جا رہا ہے۔ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ایسی غلطی ممکن ہے؟

زیادہ تر صارفین کا خیال ہے کہ پی آئی اے کا عملہ جان بوجھ کر ایسی کوتاہیاں کررہا ہے تاکہ یہ ایئر لائن جلد اور سستے داموں بک جائے۔

فوزیہ صدیقی لکھتی ہیں کہ یہ غلطی نہیں ہے، پی آئی اے کی جانب سے یہ جان بوجھ کر کیا گیا ہوگا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ پی آئی اے نے ٹیکنالوجی کا بھی مذاق بنا کر رکھ دیا ہے، کیا ہم پتھروں کے دور میں رہ ہے ہیں جو ایسی غلطی ہوگئی۔

ایک ایکس صارف نے کہا کہ پاکستان میں اب ہر چیز ممکن ہے۔

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ جہاں فارم 45 کی بجائے فارم 47 سے حکومت بن جائے وہاں جہاز بھی پشاور کی جگہ کراچی اتر گیا تو کیا بڑی بات ہے۔

صارفین کا مطالبہ ہے کہ پی آئی اے اپنی سروسز میں بہتری لائے تاکہ شہریوں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp