2اکتوبر تک انٹرا پارٹی الیکشن کامعاملہ بھی حل ہوجائے گا، بیرسٹر گوہر خان

بدھ 18 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن آئین کے مطابق کرائے، ہماری پارٹی کا اسٹرکچر موجود ہے، ہم نے بہترین انٹرا پارٹی الیکشن کرائے تھے، ٹارگٹ کرنا بدنیتی ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن ہماری راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا، 2اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ بھی حل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے بعد جے یو آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کرلیا

انہوں نے کہا کہ لاہور کا جلسہ اپنے وقت پر ہوگا اور الیکشن کمیشن سے یہی امید ہے کہ وہ ہماری راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا، الیکشن کمیشن کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بات کرے اور باقیوں کو چھوڑ دے، اب تو سپریم کورٹ میں بھی یہ چیزیں واضح ہوچکی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی الیکشن کا کیس سماعت کے لیے مقرر تھا، ہم نے جو دستاویزات جمع کروائے تھے وہ ابھی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس ہیں۔ ہم نے درخواست کی تھی کہ ایف آئی اے سے تمام دستاویزات طلب کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروا لیتی تو مخصوص نشستوں کا مسئلہ ہی نہ ہوتا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 175 سیاسی جماعتوں میں واحد جماعت ہے جس نے شفاف ترین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے، لیکن الیکشن کمیشن نے ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لیے ہمارے انتخابات کو جان بوجھ کر منتازع کیا۔

واضح رہے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس آج سماعت کے لیے مقرر کر رکھا تھا جو کہ 2 اکتوبر تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp