جعلی سفری دستاویزات کے استعمال پر افغان مسافر سمیت 2 ملزمان گرفتار

جمعہ 20 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات استعمال کرنے پر ایک افغان شہری سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر مسافر کے موبائل سے 40 سے زائد ویزے برآمد

گرفتار کیے گئے مسافروں کی شناخت بشیر احمد اور اختر حسین کے نام سے ہوئی، بشیر احمد کا تعلق افغانستان سے ہے، جس نے جعلی دستاویزات پر فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے جرمنی سفر کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔

شک کے پیش نظر پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو  سیکنڈ لائن آفس کے فورینزک پروسیس سے گزارا گیا، مذکورہ مسافر میڈیکل ویزہ کی آڑ میں چمن بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوا تھا، افغان مسافر اپنے علاج اور اسپتال کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہا۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے ملنے کی کوشش کرنے والا برطانوی صحافی ڈی پورٹ

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار افغان مسافر نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ویزے کی کڑی چھان بین کی وجہ سے اس نے طبی بنیاد پر پاکستانی ویزا حاصل کیا، جس کے حصول کے لیے اس نے جعلی دستاویزات استعمال کیں، اور پاکستان میں موجود کسی بھی اسپتال میں علاج کی غرض سے رجوع نہیں کیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق افغان مسافر بشیر احمد نے اس مقصد کے لیے عبداللہ عزیز نامی ایجنٹ سے 1500 افغانی کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کیں، مسافر کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پرجدید ٹیکنالوجی سے لیس سکینڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس کا آغاز

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے نے پاکستانی پاسپورٹ پر فلائٹ نمبر IA431 کے ذریعے عراق سے پاکستان پہنچنے والے مسافر اختر حسین کو عراق کا جعلی ویزا استعمال کرنے پر گرفتار کیا ہے، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کے دستاویزات مشکوک پائے گئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر موجود عراقی ویزا جعلی نکلا، مسافر کے پاسپورٹ پر سیکیورٹی خصوصیات بھی موجود نہیں تھیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے چکوال میں قیصر نامی ایجنٹ سے 2 لاکھ روپے کے عوض جعلی دستاویزات حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: رواں سال کتنے غیر ملکی پاکستان آئے؟ ایف آئی اے امیگریشن نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی

ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے مسافر اختر حسین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp