فیکٹ چیک: کیا جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا؟

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک خبر زیر گردش ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے جسٹس منصور علی شاہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، اور وہ 26 اکتوبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

وی نیوز نے اس حوالے سے تحقیق کی کہ کیا واقعی صدر مملکت نے جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔

دوسری جانب وزارت قانون و انصاف نے بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ کی چیف جسٹس تعیناتی کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان کی مدت ملازمت پوری ہونے پر سینیئر موسٹ جج چیف جسٹس پاکستان تعینات ہوجاتا تھا، لیکن اس بار چونکہ حکومت عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کا فیصلہ کرچکی ہے۔

مجوزہ آئینی ترمیم کے مطابق ہوسکتا ہے کہ حکومت ججز کی ریٹائرمنٹ کی مدت میں اضافہ کردے، یا چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے چند سینیئر ججوں کے پینل کی شرط عائد ہوجائے، جس میں وزیراعظم کی صوابدید ہوکہ وہ کسے چیف جسٹس پاکستان تعینات کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp