ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا 3 اکتوبر سے آغاز، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں

بدھ 25 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز 3 اکتوبر سےمتحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے مقابلوں سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ 28 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں ہر ٹیم 2، 2 میچز کھیلے گی۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کے افتتاحی روز 2 میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے مابین اسی مقام پر منعقد ہوگا۔

پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے مابین میچ 6 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

20 میچز بعد سیمی فائنلز اور پھر آخری معرکہ

ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 17 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا اور دوسرا 18 اکتوبر کو شارجہ میں ہوگا۔ فائنل میچ 20 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

کتنی ٹیمیں، دفاعی چیمپیئن کون؟

اس عالمی مقابلے میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ آسٹریلوی ویمن ٹیم دفاعی چیمپیئن ہے  جس نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 19 رنز سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ آسٹریلیا 6 مرتبہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی فاتح رہ چکی ہے۔

میگا ایونٹ میں شامل 10 ٹیموں میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

پاکستان کی ٹیم گروپ ون میں شامل ہے جس میں بھارت، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی ہوں گی۔

انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیزاور اسکاٹ لینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان مقرر، ٹیم کا بھی اعلان

ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی جبکہ دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

تمام ناک آؤٹ مقابلے سیمی فائنلز اور فائنل شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی نے ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کا پہلے ہی اعلان کیا ہوا ہے۔ ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 13 میچ آفیشلز میں تمام خواتین شامل ہیں۔

تاریخ میں دوسری مرتبہ ایسا ہوگا کہ صرف خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں۔

میچ ریفریز

میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے ہے جن میں میچ ریفری، جی ایس لکشمی (بھارت)، شینڈرے فرٹز (جنوبی افریقہ) اور مشیل پریرا کا تعلق سری لنکا سے ہے۔

امپائرز

ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کی 10خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، زمبابوے اور بھارت سے ہے جن میں آن فیلڈ اور ٹی وی امپائرز میں بھارت سے ورندا راٹھی اور این جانانی، انگلینڈ سے سوریڈفرن، آسٹریلیا سے ایلوس شیریڈن اور کلیئر پولوساک، ویسٹ انڈیز سے جیکولین ولیمز، نیوزی لینڈ سے کم کاٹن، جنوبی افریقا سے لارین ایجن بیگ، انگلینڈ سے اینا ہیرس اور سری لنکا سے نیمالی پریرا شامل ہیں۔

پاکستان اسکواڈ

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔ تاہم لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ ٹریولنگ ریزرو میں نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔

پاکستان کی قیادت کرنے والی 22 سالہ فاطمہ ثنا نے 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: ویمن ایشیا کپ: سری لنکن ویمنز نے بھارت کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا

فاطمہ ثنا 37 سالہ آل راؤنڈر ندا ڈار کی جگہ قیادت سنبھالیں گی جنہیں تینوں فارمیٹ کی کپتانی بسمہ معروف سے منتقل کی گئی تھی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا

ندا ڈار موجودہ ٹیم میں شامل ہیں اور وہ 112 ون ڈے انٹرنیشنل اور 153 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp