پاکستان نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) انڈر 17 فٹبال چیمپیئن شپ 2024 کے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
بھوٹان کے شہر تھیمپو میں 17 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کی ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن چیمپیئن شپ میں پاکستان نے اپنے آخری گروپ مچچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبحان کریم کے ایک عمدہ گول کے ذریعے ابتدائی برتری 20 ویں منٹ میں ہی حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپیئن شپ، پاکستان نے پہلی کامیابی سمیٹ لی
میچ کے 30ویں منٹ میں محمد طلحہ نے ایک اور شاندار گول کرکے پاکستان کو 0-2 کی برتری دلوائی۔ پاکستان کی جانب سے سبحان کریم نے 36ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کردیا، ہاف ٹائم تک پاکستان کو 0-3 کی واضح برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کی ٹیم پر مزید دباؤ بڑھایا اور سری لنکا کے ایک اون گول کے ذریعے 0-4 کی برتری حاصل کرلی۔ 56ویں منٹ میں عبدالغنی نے ایک شاندار گول کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 0-5 کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، جنوبی کوریا کو شکست دیکر پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی
سری لنکا کی ٹیم نے کھیل کے 76ویں منٹ میں اپنا پہلا اور واحد گول کیا اور کھیل کے اختتام 1-5 ہی رہا۔ پاکستان کی جانب سے سبحان کریم نے 2، محمد طلحہ اور عبدالغنی نے ایک ایک گول کیا۔ قومی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں نیپال کو 0-1 سے شکست دی تھی،گروپ کے دوسرے میچ میں پاکستان کا میزبان بھوٹان کے ساتھ میچ 3-3 سے برابر ہوگیا تھا۔