پشاور ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو آج طلب کرلیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم نے لاپتا افراد کیس کی سماعت کی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج ہی عدالت میں پیش ہوں، میں بیٹھا ہوں، اس کیس میں وزیراعلیٰ سے پوچھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لاپتا افراد کے نام پر بلوچ لبریشن آرمی کے ڈرامے کا ڈراپ سین
دوران سماعت، ایک ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مؤکل کو پشاور سینٹرل جیل سے جیسے ہی ضمانت پر رہا کیا گیا تو جیل کے باہر سے اسے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔
عدالت نے ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم کی دوبارہ گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کو عدالت کے کٹہرے میں لانا چاہیے، اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر عائد ہوتی ہے، وہ آج ہی عدالت میں پیش ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور کرلی
عدالتی ریمارکس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ وزیراعلیٰ امن و امان سے متعلق اجلاس میں مصروف ہیں، جس پر چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم یہاں بیٹھے ہیں، اگر وزیراعلیٰ آج عدالت نہ آئے تو ہم حکم جاری کریں گے۔