وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان

منگل 1 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ملک سے ٹریکوما بیماری کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ یہ بیماری دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل پر تجارت اور اسلحہ سمیت دیگر پابندیاں لگانے کا وقت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منگل کواسلام آباد میں ٹریکوما کے خاتمے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ہمارے لیے آج ایک خوش نصیب دن ہے کہ ہم پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی کمال مہربانی کے ساتھ اور وزارت صحت حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، این جی اوز اور ڈبلیو ایچ او پاکستان کی شاندار کاؤش کے باعث ہی ممکن ہوا کہ ہم اس بیماری پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے اور لاکھوں لوگ بینائی سے بچ گئے۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار رہی، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں، این جی اوز اور ڈبلیو ایچ او پاکستان کی ٹیم کی کاؤشیں لائق تحسین ہیں، جس طرح ٹریکوماکا خاتمہ ہوا ہمیں امید ہے یہ بیماری دوبارہ پاکستان میں نہیں لوٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری واپس نہ لوٹے اس کے لیے مانیٹرنگ سخت کرنا ہو گی، اسی طرح پولیو کا خاتمہ بھی اولین ضرورت ہے اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس کا مرض پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کے خاتمے کے لیے پنجاب میں ایک بڑا پروگرام شروع کیا تھا امید ہے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس پروگرام کو آگے بڑھائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری پر اظہار اطمینان

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے صوبوں کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں، آج ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ٹریکوما کے خاتمے کا سرٹیفکیٹ ملنے پر ان کا اور تمام ان لوگوں کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے اس کے لیے مل کر کام کیا اور پاکستان کو اس سے نجات دلائی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریکوما کی طرح پاکستان کو دوسرے تمام میدانوں میں بھی عظمت سے ہمکنارکروا سکتے ہیں، شرط یہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو ان چیلنجز کے لیے تیار کریں، اس کے لیے ہمارے پاس ماہرین، ڈاکٹرز اور فیلڈ آفیسر مل کر یک جان دو قالب ہو کر کام کریں تو ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی مل سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp