پانچویں کلاس کے طالب علم نے واشنگ مشین تیار کرلی

بدھ 2 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کے خوبصورت گاؤں حسین آباد سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ رہائشی اور  کلاس پنجم کے ہونہار طالب علم علی محمد نے ایک ایسا منفرد کارنامہ سر انجام دیا ہے جس کے بارے میں جان کر آپ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔ علی محمد نے  ایک واشنگ مشین تیار کی، جو باقاعدہ طور پر کام کرتی ہے۔

علی محمد، جو جدید ٹیکنالوجی سے خوب واقف اور تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہے، اس چھوٹی سی عمر میں نہ صرف واشنگ مشین بلکہ سپیکر گاڑی اور دیگر کئی ایسی اشیا بھی تیار کر چکا ہے جو باقاعدہ  کام کر رہی ہیں۔

علی محمد بچپن ہی سے مختلف چیزیں خود بنانے کا شوق رکھتا تھا، اور اپنے شوق کو عملی شکل دینے کے لیے ہمیشہ کچھ نیا کرنے کی جستجو میں رہتا تھا۔ اس کے اس منفرد شوق اور ہنر کو دیکھتے ہوئے اہل علاقہ اور اساتذہ اس کی بے پناہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہیں اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

 علی محمد کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں انجینئر بننا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

اس کا کہنا ہے ’مجھے ہمیشہ سے چیزیں بنانے کا شوق تھا۔ میں نے سوچا کہ کیوں نہ ایسی اشیاء تیار کروں جو روزمرہ کے کاموں میں مددگار ثابت ہوں۔ میری بنائی ہوئی واشنگ مشین بالکل صحیح کام کر رہی ہے۔ میں مستقبل میں بھی ایسی مزید ایجادات کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘

علی محمد کا کہنا ہے’ بچپن میں یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھا کرتا تھا۔ پھر مجھے بھی شوق پیدا ہوا۔ اب میں بھی مختلف چیزیں بناتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس میں اتنا خرچہ نہیں ہے، میرے والدین مجھے سپورٹ کرتے ہیں اور میں یہ چیزیں بناتا ہوں۔ ایسا کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔‘

’میرا خواب ہے کہ میں مسقبل میں اپنا جہاز بنا کر گلگت آؤں …‘

علی محمد کا خواب ہے کہ وہ بڑا ہو کر بھی اپنی تمام ضروریات کے لیے خود اشیا تیار کرے اور ایک کامیاب انجینئر بنے جو اپنے ملک کے لیے مفید ثابت ہو۔ اس کی لگن اور محنت نہ صرف اس کے روشن مستقبل کی علامت ہے بلکہ دیگر بچوں کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ اگر دل میں کچھ کرنے کا جذبہ ہو تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp