پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے 2 روز قبل ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے منظور بھی کرلیا ہے، اس پیش رفت کے بعد قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ کرکٹ کے انہی 2 فارمیٹ کے لیےکپتان کون ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی: ’ کیا ان سے استعفیٰ لیا گیا؟‘
کرکٹ بورڈ کی جانب سے بظاہر خاموشی کے ماحول میں پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بلے باز یونس خان نے لگی لپٹی رکھے بغیر کچھ کرکٹرز کے نام لیتے ہوئے انہیں کپتانی کے لیے موزوں قرار دیا ہے، ریکارڈ ساز بلے باز یونس خان سمجھتے ہیں کہ کپتانی کے لیے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سمیت پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنیوالے فخر زمان زیادہ حقدار ہیں۔
فخر زمان پاکستان ٹیم کی قیادت کیلئے بہترین آپشن ہیں، بدقسمتی سے انکے بارے میں سوچا نہیں جاتا ہے، یونس خان#BabarAzam𓃵 #Pakistan pic.twitter.com/SbcEbxLUBj
— Ali Hasan 🏅 (@AaliHasan10) October 3, 2024
’کوئی بھی فخر زمان کا نام نہیں لیتا، میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں، جنہوں نے ہر اہم مقابلے میں اپنی کارکردگی سے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، اور میں سمجھتا ہوں، یہ لوگ ( محمد رضوان سمیت) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بطور کپتان بہترین امیدوار ہوسکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایکس ڈاٹ کام پر بابراعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزازکی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ وہ مستعفی ہوکر اپنے کیرئیراورکھیل پربھرپورتوجہ مرکوزکریں۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم کی تنزلی، محمد رضوان کی ترقی
’۔۔۔کپتانی میں ایک اضافی بوجھ شامل ہے، میں اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے لطف اندوزہونا چاہتا ہوں اوراپنے خاندان کے ساتھ اچھا وقت گزارنا چاہتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔‘