اسلام آباد میں تعینات فوج کو کیا اختیارات حاصل ہوں گے؟

ہفتہ 5 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر فوج کو دیے گئے اختیارات کا مراسلہ جاری کردیا۔ جس کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کریں گے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران نقص امن کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کرکے فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو تعینات کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کے بعد پنجاب میں بھی فوج طلب کرلی گئی

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوج کو شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور گرفتاری کے اختیارات دیے گئے ہیں۔

’فوج کو مظاہرین کے خلاف لاٹھی چارج، آنسو گیس کی بھی اجازت ہوگی، طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے گا، شرپسندوں کی موجودگی یا خطرات کی اطلاع پر فوج کارروائی کرے گی‘۔

واضح رہے گزشتہ روز وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیے تھے جن کے تحت پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گرد و نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp