جرمنی میں ایک شخص کو مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے اپنی 30 سرجریاں کروانا پڑ گئیں جس کی وجہ سے وہ کوما میں چلا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی میں ایک شخص کے ساتھ عجیب و غریب حادثہ پیش آیا جسے مچھر نے کاٹا جس کی وجہ سے اسے 30 سرجریاں کروانا پڑ گئیں اور اتنی زیادہ سرجریوں کی وجہ سے متاثرہ شخص کوما میں چلا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات مچھر کا کاٹنا انتہائی پریشان کن بھی ثابت ہو سکتا ہے اور یہ انفکشن کا سبب بھی بن جاتا ہے۔
جرمنی کے علاقے روڈر مارک میں 27 سالہ شخص سیبا سٹین روٹسکے کو مچھر کے کاٹنے کی وجہ سے جان لیوا تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔ سیبا سٹین کو 2021 میں معمولی بخار کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ ایک ایشین ٹائیگر مچھر بنا۔ سیباسٹین کا بخار کم نہ ہوا اور یہ بعد میں انفیکشن کی صورت اختیار کر گیا۔
جرمن شخص کے مطابق اسے اس معمولی سے بخار کو سنجیدہ نہ لینے کی وجہ سے مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے 30 سرجریاں کروانا پڑیں اور اس دوران اس کی دو انگلیوں کو بھی کاٹا گیا جبکہ وہ 4 ہفتے کوما میں بھی رہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے ڈاکٹروں کو جلد ہی پتہ چل گیا تھا کہ ان تمام بیماریوں کے پیچھے ایشین ٹائیگر نامی مچھر کا کاٹنا ہے۔
سیباسٹین روٹسکے نے کہا کہ مچھر کا معمولی سا کاٹنا بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے ذرا سی پریشانی کو بھی معمولی نہ سجھیں بلکہ فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔