وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اس وقت خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں، جہاں ان کی گرفتاری کے حوالے سے متضاد خبریں سامنے آرہی ہیں، تاہم سرکاری ذرائع گرفتاری کی تردید کررہے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات میں بھی تضاد ہے، ایک طرف عمر ایوب اور پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل سے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے تو دوسری جانب بیرسٹر سیف اس کی تردید کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچ گئے، گرفتاری سے متعلق متضاد اطلاعات
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو باضابطہ طور پر گرفتار نہیں کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری خیبرپختونخوا ہاؤس میں موجود ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 25 اکتوبر تک ضمانت پر ہیں، ان کی گرفتاری توہین عدالت ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کو اگر گرفتار کیا گیا تو خیبر پختونخوا کی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی، جعلی حکومت کو اس قسم کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی رہنماؤں کے قافلے کے ہمراہ کچھ دیر قبل اسلام آباد پہنچنے تھے اور کے پی ہاؤس چلے گئے تھے جہاں سے گرفتاری عمل میں لائی گئی، تاہم سرکاری ذرائع گرفتاری کی تردید کررہے ہیں۔
یہ بھی علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرلیا گیا، عمر ایوب کا دعویٰ
اس سے قبل اسلام آباد کی عدالت نے وزیراعلیٰ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 12 اکتوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔