وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے رات گئے پارٹی کارکنان اور قائدین سے ملاقات میں ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالا دستی کے لیے پر امن انداز میں جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ جنگ تم نے شروع کی ختم ہم کریں گے، علی امین گنڈاپور کا منظرعام پر آنے کے بعد خطاب
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے پر وہ تمام کارکنوں اور قائدین کو خراج تحسین اور ان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی پر امن جدوجہد اور تحریک آگے بھی جاری رہے گی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تمام کارکنوں کو اپنی جدوجہد مزید بہتر اور منظم انداز میں جاری رکھنی ہے۔ ’ یہ ملک ہم سب کا ہے، سب سے پہلے پاکستان ہے، ہم نے اس ملک اور نظام کو ٹھیک کرنا ہے، جب نظام ٹھیک ہوگا تو سب کچھ ٹھیک ہوگا۔
مزید پڑھیں:علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا ہاؤس جانے کے بعد چھپ گئے، عطا اللہ تارڑ
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مقصد کے حصول کے لیے بھر پور محنت کرنا ہوگی۔ ’ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہم نے اپنے مقصد پر توجہ موکوز رکھنی ہے، اگر اللہ پر یقین اور نیت صاف ہو تو راستے نکل آتے ہیں، انشاءاللہ ہماری جدوجہد سے یہ ملک ٹھیک ہوگا۔‘
اس موقع پر کارکنان اور قائدین نے کامیاب احتجاج پر وزیر اعلی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کو روایتی پگڑی بھی پہنائی۔