آزاد کشمیر کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے ایس ڈی ایم اے نے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں آزاد کشمیر کے مختلف سرکاری اسکولوں کی بچیوں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی تربیت دی۔
اس تربیت کی دوران ان کو فرسٹ ایڈ کے علاوہ ہنگامی صورت حال میں خود کو محفوظ رکھنے، آگ بجھانے اور عارضی گھر تعمیر کرنا بھی سکھایا گیا۔
بچیوں کو تربیت دینے والی ماسٹر ٹرینر گرل گائیڈ ناہید اختر نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا جب ہم بچیوں کو تربیت دیتے ہیں تو ایک طرح ہم ان کے ذریعے اگلی نسل کی بھی تربیت کر رہے ہوتے ہیں کیوں کہ یہی بچیاں مستقبل میں ماؤں کی حیثیت سے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ٹریننگ میں بچیوں کو عارضی شیلٹر بنانا سکھایا کیوں کہ اس کی افادیت خاص طور پر اس صورت میں ہوتی ہے جب کوئی عمارت گر جائے۔ اس کے علاوہ یہاں فرسٹ ایڈ کی تربیت بھی دی گئی جس میں شہری دفاع اور فائر فائٹنگ کی تربیت شامل تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بچیوں نے تمام سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: کیا تالابوں کی کمی سے چشمے بھی خشک ہو رہے ہیں؟
اسکول کی ایک طالبہ کرن نے بھی ان سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا۔ وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے آج یہ بھی سیکھا کہ اگر اسکول میں یا کسی عمارت کے گراؤنڈ فلور میں آگ لگ جائے تو رسی کے ذریعے اوپر کی منزل سے نیچے کیسے آنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کہیں پر آگ لگ جائے تو اس پر قابو کیسے پانا ہے یہ بھی بچیوں کو سکھایا گیا۔
اسکول کی ایک اور طالبہ سیماب جہاں زیب نے وی نیوز کو بتایا کہ انہوں نے ٹریننگ میں سیکھا کہ کہیں دھماکا ہو جائے تو کیا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹریننگ سے انہیں پتا چلا ہے کہ اگر کسی کو چوٹ لگ جائے یا ہڈی ٹوٹ جائے تو اس کو ابتدائی طبی امداد کیسے دینی ہے۔
مزید پڑھیے: آزاد کشمیر: ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں پیشرفت جاری ہے، وزیرخزنہ عبدالماجد
ان کا کہنا تھاکہ اس ٹریننگ کے بعد وہ کسی بھی زخمی کو ریسکیو ٹیم کی مدد سے پہلے ابتدائی طبی امداد دے سکتی ہیں اور یہ ان کے لیے عام دنوں میں بھی مدد گار ثابت ہوگی۔
ماہ نور خالد نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے وی نیوز کو بتایا کہ بچیوں کو یہ بھی سکھایا گیا کہ کسی عمارت میں آگ لگنے کی صورت میں اس کی چھت سے کود کر کیسے جان بچائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے چھت سے چھلانگ لگائی اور نیچے موجود ریسکیو ٹیم نے انہیں زمین پر گرنے سے بچایا۔ ماہ نور نے مزید کہا کہ اس تربیت سے انہیں یہ سبق ملا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں دوسروں کی مدد کیسے کرنی ہے۔