معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی گرفتار، اصل معاملہ کیا ہے؟

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کی گرفتاری سے متعلق خبریں گزشتہ روز سے سوشل میڈیا کی زینت بن رہی ہیں، جن پر لاہور پولیس کا آفیشل بیان بھی آگیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سما نے اپنے پروگرام میں یہ بتایا تھا کہ لاہور پولیس نے ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسلحے کی نمائش کرنے والی تصاویر پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا ہے۔ جوڑے پر حکومت مخالف نعروں کو فروغ دینے کا بھی الزام ہے اور اس حوالے سے ان سے تفتیش بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر ڈکی بھائی یوٹیوب سے ماہانہ کتنے لاکھ ڈالر کما رہے ہیں؟

رپورٹر کا کہنا تھا کہ اب پولیس قانونی کارروائی کرے گی اور جو اسلحہ اس جوڑے کے پاس تھا پولیس اسے ریکور کرنے کے بعد دیکھے گی کہ وہ لیگل ہے یا نہیں۔ اس کے بعد اسلحے یا بغاوت کی دفعات لگا کر مقدمہ آگے بڑھایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کے دوران جوڑے نے ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھائیں، عروب جتوئی نے واقعے کا ذمہ دار اپنے شوہر کو ٹھہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: وی لاگر ’ڈکی بھائی‘ کی بیگم کے ہاتھوں پٹائی والی ویڈیو کڑی تنقید کی زد میں

معروف جوڑے کی گرفتاری سے متعلق خبریں سوشل میڈیا کی زینت بنیں تو صارفین کی جانب سے چند ویڈیوز شیئر کی گئیں جس میں عروب اور ڈکی کو اپنی ویڈیوز میں ’مجھے کیوں نکالا‘ جیسے نعروں کا استعمال کرتے دکھایا گیا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت مخالف مواد بنانے کی وجہ سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔

شفقت علی لکھتے ہیں کہ مریم نواز کے خلاف بولنے پر معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کو بیوی سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مسلسل چلنے والی ان خبروں کے بعد وی نیوز نے لاہور پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ عروب جتوئی نے کراچی میں اسلحہ کی نمائش کی اور اسے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جس پر پولیس نے انہیں طلب کیا اور وارننگ دینے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp