کراچی کے جناح ایئرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پولیس حکام کے مطابق ایئرپورٹ سگنل کے قریب دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایس ایچ اوتھانہ ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

درج مقدمہ کے مطابق دھماکے میں چینی باشندوں کے اسکواڈ کو نشانہ بنایا گیا، چینی باشندوں کا اسکواڈ ایئرپورٹ سے شارع فیصل جارہا تھا، دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کی ہے، حملہ ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا تھا۔

درج مقدمہ کے مطابق حملے میں 2چینی باشندوں سمیت 3افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 15 گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔ متاثرہ گاڑیوں میں دہشتگرد کی گاڑی بھی شامل ہے، ایک پولیس موبائل متاثر اور رینجرز اہلکار حبیب اللہ زخمی ہوا ہے۔ نامعلوم دہشت گرد بارود نصب شدہ ٹویوٹا ہائی لکس گاڑی کے ذریعے چینی باشندوں کے کانوائے سے ٹکرایا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی جناح ایئرپورٹ پر حملہ: اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مذمت

مقدمہ کے مطابق چینی باشندوں کے کانوائے میں پولیس اور رینجرز کی گاڑیوں کا کانوائے بھی شامل تھا، جائے  وقوعہ سے ایک زخمی اور 2چینی باشندوں کی لاشیں اسپتال بھیجیں گئیں۔ کالعدم تنظیم کے ترجمان جنید بلوچ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حملے کے ماسٹر مائنڈزمیں کمانڈر بشیر احمد بلوچ اور عبدالرحمان عرف رحمان گل شامل ہیں۔

درج مقدمہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماسٹر مائنڈ سمیت دیگر سہولت کاروں نے حملے کا منصوبہ بنایا، نامعلوم خودکش حملہ آور نے باردو سے بھری گاڑی سے دھماکا کیا۔ حملہ آورنے مبینہ طورپر غیرملکی دشمن خفیہ ایجنسی کی مدد سے چینی باشندوں کو نشانہ بنایا ہے۔

خیال رہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی کوئی بھی شکل عالمی سطح پر امن کے لیے خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: جناح ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک، 17 زخمی

سلامتی کونسل کے ممبران نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ سلامتی کونسل کے ممبران متاثرہ خاندانوں سمیت پاکستانی اور چینی حکومت سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ سلامتی کونسل کے ممبران واقعہ میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

واضح رہے ممبران سلامتی کونسل نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 6اکتوبر کو ہونے والے دہشتگردی کے واقعے میں ایک پاکستانی اور 2چینی شہریوں کی ہلاکت سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ہیں، بلوچ لبریشن آرمی کے مطابق دہشتگردی کی کارروائی مجید بریگیڈ کی جانب سے کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp