پاک بھارت مسائل کے باوجود سارک کو فعال کرنا ممکن ہے، ڈاکٹر یونس

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس نے کہا کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان مسئلہ ہے تو اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ اسے ہمیشہ برقرار رکھا جائے بلکہ اسے حل تو کیا جاسکتا ہے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ سارک اور پاک بھارت مسئلہ ایک ساتھ آگے بڑھے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ مسائل کا حل نکالیں تاکہ سارک کو بھرپور انداز میں فعال کیا جاسکے۔

بنگلہ دیشی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد یونس نے الیکشن سے پہلے ملک میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی طویل عرصے تک حکومت میں نہیں رہنا چاہتا، ملک میں اصلاحات ضروری ہیں۔

مزید پڑھیں: ’طلبا نے بنگلہ دیش بچا لیا‘، وطن واپسی پر ڈاکٹر یونس کی پہلی پریس کانفرنس

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کہتے ہیں کہ الیکشن کرائیں تو ہم تیار ہیں لیکن اصلاحات سے قبل الیکشن کرانا غلط فیصلہ ہوگا۔ ہمیں ورثے میں ایک مکمل تباہ حال سسٹم ملا جسے مستقبل میں آمریت کی طرف واپسی سے بچانے کے لیے جامع تبدیلی کی ضرورت ہے۔

بنگلا دیشی کے عبوری حکومت کے سربراہ نے کہا کہ اصلاحات کا مطلب ہے کہ ہم ماضی میں جو ہوا اسے دہرانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ گرفتار افراد کے خلاف کسی بھی قسم کے فوجداری ٹرائل میں حکومتی مداخلت شامل نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے عدالتی نظام کو بھی بہتر کرنے کی ضرورت ہے، عدالتی نظام میں ایک دفعہ اصلاحات ہونے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ کس کا ٹرائل کرنا ہے اور اس کا طریقہ کار کیا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عبوری مدت کے بعد کسی منتخب کردار کی خواہش نہیں، ڈاکٹر محمد یونس

ڈاکٹر یونس نے پاک بھارت تعلقات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خطے کے مستقبل کا معاملہ ہے، اگر یورپی یونین تاریخی تقسیم کے باوجود آگے بڑھ سکتی ہے، تو ہم کیوں آگے نہیں بڑھ سکتے؟

انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ کچھ معاملات معطل رکھ کر باقی پر آگے بڑھ سکتا ہے۔ کچھ نہیں کرسکتے تو بھی دکھاوے کے لیے ہی سہی سارک ممالک کے سربراہان اتحاد کے اظہار کے لیے جمع ہوکر ایک تصویر تو کھنچوا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp