دہشتگردوں کو بیرونی فنڈنگ ہورہی ہے، بلوچستان کی سیاسی قیادت نے دکی واقعہ کی مذمت کردی

جمعہ 11 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کی سیاسی قیادت نے دکی میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد چند ٹکوں کی خاطر اپنے ہی لوگوں کو قتل کرکے بیرونی آقاؤں کو خوش کررہے ہیں۔

دکی میں ہونے والی دہشتگردی پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہاکہ مزدوروں کو قتل کرنے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں کان کنوں کی ہلاکت کیخلاف دکی شہر میں ہڑتال، مزدوروں کا لاشوں کے ہمراہ احتجاج

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دکی میں بے گناہ محنت کشوں کا خون بہایا گیا، بلوچستان میں دہشتگردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔

دہشتگردوں کو بیرونی فنڈنگ ہورہی ہے، گورنر جعفر خان مندوخیل

دوسری جانب گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ میں صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ دکی میں بے گناہ مزدوروں کو قتل کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مزدور کا قتل پورے خاندان کا قتل ہے، وزیراعظم پاکستان سے بات ہوئی ہے جو ایک سے دو روز میں کوئٹہ آئیں گے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہاکہ اس طرح کے واقعات کے لیے دہشتگردوں کو بیرون ملک سے فنڈنگ ہوتی ہے، ایک طرف اپنی آزادی کی بات اور دوسری جانب مزدوروں کو قتل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث لوگوں کا قوم پرستی سے تعلق نہیں، بالکل واضح ہورہا ہے کہ ان کا مقصد ہی کوئی اور ہے۔

دہشتگردی کرنے والوں کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، ظہور بلیدی

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہاکہ کل رات دہشتگردوں نے دکی میں کان پر حملے کرکے 20 معصوم افراد کو شہید کردیا، یہ دیکھنے میں انسان تو ہوں گے لیکن اندر سے درندے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو باہر سے فنڈنگ ہوتی ہے، اس طرح کی حرکتوں سے بحیثیت قوم ہماری حوصلہ شکنی نہیں ہوگی۔

ظہور بلیدی نے کہاکہ حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان ان دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی، ایسا کرنے والے نہ بلوچ، نہ پشتون نہ پنجابی، یہ صرف دہشتگرد ہیں۔

امن و امان بحال کرنے کے لیے ریاستی وسائل کا استعمال کیا جائے گا، صادق عمرانی

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر و پیپلزپارٹی کے رہنما صادق عمرانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں ہمیشہ صف اول میں رہی ہے، دکی میں ہونے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں دکی: کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کا حملہ، 20 کان کن ہلاک

انہوں نے کہاکہ صوبے میں امن و امان بحال کرنے کے لیے ریاستی وسائل کا استعمال کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp