ایس سی او اجلاس: بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کی ڈی چوک آنے کی کال کو افسوسناک قرار دیدیا

جمعہ 11 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایس سی او کانفرنس کے دوران 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کو افسوسناک قرار دے دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس ہونے جارہی ہے جو بہت اہم ہے، ایسے موقع پر پی ٹی آئی کا دوبارہ ڈی چوک آنے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دے دی

انہوں نے کہاکہ اس وقت دہشتگرد تنظیمیں پاکستان کے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہی ہیں، ہمیں ملک کی خاطر اکٹھے ہوکر آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق رائے ہونے کی امید ہے، آج بھی خواہش ہے کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر آئین سازی کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور جمعیت علما اسلام کے مسودے میں کوئی زیادہ فرق نہیں، ہم نے تو بہت پہلے مسودہ بنا لیا تھا جو آج حکومت اور جے یو آئی کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی اصل تجویز یہ تھی کی آئینی عدالت صوبائی سطح پر بھی ہو۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ عدالتی نظام میں تبدیلی آگئی تو یہ بہت بڑی کامیابی ہوگی، ہم کسی کے خلاف قانون سازی نہیں کررہے۔

انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں، جیسے ہی اتفاق رائے ہوگا آئینی ترمیم ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے آئینی ترمیم کے لیے ہماری تجاویز قبول کیں تو مناسب مسودے پر اتفاق ہوجائے گا، مولانا فضل الرحمان

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ آئینی ترمیم ایس سی او اجلاس سے قبل بھی لائی جاسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp