وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی چین کا عزم ہے، چینی وزیر اعظم لی چیانگ
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیاکہ پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ جو کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے کو وقت کے ساتھ مزید تقویت مل رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بنیادی نوعیت کے تمام معاملات (core issues) پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے باہمی سود مند اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنعت، زراعت کی جدیدیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیاکہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس میں دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو مضبوط کرنا شامل ہے۔
ملاقات میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح
ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل اور کثیرالجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھیں گے۔