وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی منظوری کا معاملہ پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا جاری اجلاس ختم ہو گیا ہے جس میں پنجاب کے انتخابات کے لیے فنڈز کی منظوری کا معاملہ  پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ بیشتر کابینہ اراکین بھی ویڈیولنک پر ہی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

اجلاس 2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد ختم ہوا جس میں وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء سردار ایاز صادق، سعدرفیق سمیت کابینہ کے چند اراکین ماڈل ٹاؤن لاہور سے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں حکومت کی قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی اور اہم نوعیت کے امور پرغور وخوض کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور صدر مملکت کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور کیا گیا ۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب الیکشن کے لیے فنڈز کی منظوری نہیں دی جا سکی اور کابینہ نے پنجاب انتخابات کے لیے فنڈز کا معاملہ قومی اسمبلی کو بھجوانے کی منظوری دے دی ہے اور اب اس کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق انتخابات ازخود نوٹس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے چار تین سے آنے والے عدالتی حکم اور 4 ججوں کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا گیا ۔

اعلامیے کے مطابق 6 اپریل کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار داد پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی ۔

تمام پہلوﺅں کابغور جائزہ لینے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ نے متفقہ طور پر وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور پیر کے روز کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر کے روز دوبارہ ہوگا جس میں مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے وزارت خزانہ کو 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دینے کا حکم دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ 11 اپریل تک رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp