نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے مزید 2 ساتھی ججوں کی ملاقات

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید نے نامزد چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو ان کی بطور چیف جسٹس نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: اب تک کتنی وکلا تنظیمیں جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرچکی ہیں؟

یاد رہے کہ جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال مخصوص نشستوں والے کیس میں اکثریتی فیصلہ دینے والے 8 ججوں میں شامل تھے جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طرح اسی فل کورٹ کے باقی 5 ججوں میں شامل تھے۔

قبل ازیں آؤٹ گوئینگ چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس کی بدھ کو 2 ملاقاتیں ہوئیں۔ چیف جسٹس نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو ان کی بطور چیف جسٹس نامزدگی پر مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملاقاتیں چیف جسٹس چیمبر میں ہوئیں۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالت میں اپنے مقدمات سننے سے قبل اور بعد میں چیف جسٹس سے ملاقاتیں کیں۔

مزید پڑھیے: ‎پارلیمنٹ کے ہاتھوں پہلی مرتبہ چیف جسٹس کی نامزدگی، اگلے مراحل کیا ہونگے؟

یاد رہے کہ منگل کو 12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کی منظوری دی۔ پارلیمان کے ہاتھوں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نامزدگی ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوئی ہے جو حال ہی میں 2 تہائی اکثریت سے منظور کی جانے والی 26  ویں آئینی ترمیم کی بدولت ممکن ہوسکی۔

پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے 3 میں سے ایک جج کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے معاملے کی منظوری کی سمری صدر پاکستان آصف علی زرداری کو منگل کی شب ہی بھجوادی تھی جو انہوں نے منظور کرلی۔

مزید پڑھیں: جو بھی چیف جسٹس ہوگا، تحریک انصاف اس کے ساتھ کھڑی ہوگی، کور کمیٹی کا فیصلہ

جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 3 سال کے لیے کی گئی ہے اور یہ مدت 26 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ اس دن جسٹس یحییٰ آفریدی بطور چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ دوسری جانب وزارت قانون نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp