پی ٹی آئی کے مفرور رہنما زلفی بُخاری نے انکشاف کیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، جسے موجودہ رجیم نے مسترد کر دیا تھا۔
آن لائن میڈیا پلیٹ فارم زیٹیو پر معروف صحافی مہدی حسن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بُخاری نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
مزید پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس: احتساب عدالت کا زلفی بخاری کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم
واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے 2 سے 4 اکتوبر 2024 کو پاکستان کا 3 روزہ دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔
زلفی بُخاری کا انکشاف 🚨
ملائیشیا کے وزیر اعظم انوار ابراہیم نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی جسے موجودہ رجیم نے مسترد کر دیا پھر PTI لیڈران سے ملنے کی خواہش کو بھی پورا نہیں کیا گیا۔ pic.twitter.com/pLqhZtnuiP
— Shams Khattak (@Sh_am_92) October 28, 2024
شہباز شریف اور انور ابراہیم کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر زور دیا تھا۔
مزید پڑھیں:پیمرا نے زلفی بخاری کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی، نوٹیفیکیشن جاری
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم کو 2025 کے لیے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی تھی۔ انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیر مقدم کیا تھا اور پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے کردار کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔