بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز نے میدان مار لیا۔ 2بڑے ٹائٹل اپنے نام کرلیے دیگر مقابلوں میں بھی پاکستانی فائٹرز چھائے رہے۔
پاکستانی فائٹر محموش رضا نے فیدر ویٹ (Featherweight) کیٹیگری میں بھارتی فائٹر روی ساؤ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دوسری بڑی کیٹگری بینٹم ویٹ (Bantamweight) کے مقابلے میں پاکستان کے رفیق آفریدی نے بھارت کے پردیپ ہودا کو ہرایا اور پاکستان کے لیے میڈل حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت خواتین مارشل آرٹس فائٹرز پہلی مرتبہ مدمقابل، پاکستانی انیتا کریم کا پلہ بھاری
اس کے علاوہ دیگر مقابلوں میں بھی پاکستانی فائٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستان کے اعجاز احمد نے بھارتی فائٹر انکیت گجر کو شکست دی۔ دوسری جانب مجاہد بیگ نے راج ویر کو ہرا کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔
پاکستان کے مصعب آصف نے افغانستان کے واحد احمدی کو بھی شکست دی۔ انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فائٹس کے دوران 2فائٹس افغانستان کے فائٹرز کے نام رہی، جن میں سمیر نصرت اور ایمل صدیقی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے، بھارتی باکسر اپنی اہلیہ کوچ کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے
واضح رہے پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز مختلف ایونٹس میں اپنی کامیابی کا لوہا منوا چکے ہیں۔ اس طرح کے ایونٹس میں شرکت نہ صرف پاکستانی فائٹرز کی مہارت کو اجاگر کرتی ہے، بلکہ مکسڈ مارشل آرٹس کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی بھی کرتی ہے۔














