پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بڑی ہمشیرہ روبینہ خان کا کہنا ہے کہ جیل میں قید ان کے بھائی کو کیا پڑی تھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر بننے کی وہ تو زلفی بخاری نے شوشا چھوڑ کر انہیں اس معاملے میں پھنسا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر امیدواروں کی فہرست سے عمران خان کا نام نکال دیا
روبینہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں کہا کہ ’عمران خان جیل میں ہیں، ان کو کیا شوق پڑا ہے آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر بننے کا۔ یہ زلفی بخاری نے اپنی ذاتی تشہیر کے لیے شوشہ چھوڑا‘۔
ہمشیرہ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں (زلفی بخاری) نے آج تک کوئی ایسا کام نہیں کیا اور نہ ہی کوئی پڑھے لکھے انسان ہیں اسی لیے انہیں اس بات کا شوق چرایا کیوں کہ وہ سمجھتے ہوں گے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا کوئی بہت بڑی بات ہے۔
روبینہ خان کا کہنا تھا کہ زلفی بخاری کو کیا پڑی تھی عمران خان کو اس معاملے میں الجھانے کی۔
مزید پڑھیے: عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کیوں نہیں بن سکتے؟
یاد رہے کہ زلفی بخاری نے رواں برس اگست میں عمران خان کی برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کی دوڑ میں شامل ہونے کی خبر کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب کے لیے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
Imran Khan’s sister has heavily criticized Imran Khan and Zulfi Bukhari regarding the Oxford University’s chancellor election. pic.twitter.com/bfNhj6bFBd
— Wajahat Kazmi (@KazmiWajahat) November 1, 2024
تاہم اکتوبر میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹ پر چانسلر کے عہدے کے لیے حتمی امیداروں کی فہرست جاری کی تو اس میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا۔ واضح رہے کہ چانسلر کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ 18 نومبر کو شروع ہوگا جبکہ نتیجے کا اعلان ماہ رواں کے آخر میں ہوگا۔
جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا، زلفی بخاری
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ وہ روبینہ خان کی تنقید کاجواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔
مزید پڑھیں: عمران خان جیل سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑیں گے، درخواست فارم جمع
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہن روبینہ خان کا میرے دل میں بہت احترام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عمران خان کے لیے آج تک جو کچھ کیا وہ بہتر جانتے ہیں۔