مسلمز فار ٹرمپ کے سربراہ ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ ان قیاس آرائیوں میں کوئی جان نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیتنے کے بعد عمران خان کی رہائی کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹرمپ امریکا کا الیکشن لڑرہے ہیں، منڈی بہاؤالدین کا نہیں، وہ اقتدار میں آکر دنیا سے جنگیں ختم کرائیں گے، اس وقت امریکا کو بھی حقیقی آزادی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں یہ بات فضول ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آکر عمران خان کو رہا کروا دیں گے، مشیر ساجد تارڑ
ساجد تارڑ نے کہاکہ اس وقت 52 فیصد مسلمان امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب ڈونلڈ ٹرمپ صدر تھے تو میں ان کے ساتھ رہا اور سیکھنے کا موقع ملا، اس دوران مجھ سے غلطیاں بھی ہوئیں۔
ساجد تارڑ نے کہاکہ ٹرمپ کے خلاف بنائے گئے کیسز سیاسی انتقام سے زیادہ کچھ نہیں، جب سے انہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ان کے خلاف کیسز بنائے گئے۔
انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کہ اس وقت جوبائیڈن کہاں ہیں، اگر وہ اتنے بیمار ہیں کہ الیکشن لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو پھر بتایا جائے کہ ان کے دور حکومت میں امریکا کو کون چلاتا رہا۔
انہوں نے کہاکہ یوکرین کی جنگ امریکا کی نہیں یورپ کی جنگ ہے، اس وقت دنیا میں امریکا کی کمزور خارجہ پالیسی کا فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔
ساجد تارڑ نے کہاکہ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ اگر وہ اقتدار میں ہوتے تو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ نہ ہوتی، اب بھی وہ وائٹ ہاؤس میں پہنچتے ہی اسرائیل پر زور دیں گے کہ وہ آپریشن مکمل کرکے غزہ سے نکل جائے۔
یہ بھی پڑھیں ڈونلڈ ٹرمپ منع کرنے کے باوجود ٹوئٹ کردیا کرتے تھے، سابق مشیر ساجد تارڑ
انہوں نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آکر 21 ملین جرائم پیشہ تارکین وطن کو بے دخل کریں گے۔